Event Date: 28th Oct, 2017

“نقش پائے یوسفی” کی تقریبِ رونماِئی و پذیرائی

ینگ ویمن رائٹرز فورم ، اسلام آباد چیپٹر کے زیرِ اہتمام ، بزمِ یارانِ اردو ادب کے تعاون سے مشتاق احمد یوسفی صاحب کے پرستاروں کے نذرانہُ عقیدت “نقش پائے یوسفی” کی تقریبِ رونماِئی و پذیرائی آج مورخہ اٹھائِیس اکتوبر سن دو ہزار سترہ بروز ہفتہ اکادمی ادبیات پاکستان میں منعقد ہوئی ۔

تقریب کا آغاز سہ پہر دو بج کر تِیس منٹ پر اللہ پاک کے بابرکت نام سے ہوا ۔ تِلاوتِ کلامِ پاک کی سعادت اسما شاہ نے حاصل کی ۔ نظامت کے فرائض اسما شاہ اور صفیہ شاہد نے انجام دئیے ۔ تقریب کے آغاز میں ینگ ویمن رائٹرز فورم ، بزمِ یارانِ اردو ادب اور اِیونٹ کا تعارف پیش کیا گیا ۔

ینگ ویمن رائٹرز فورم ، اسلام آباد چیپٹر کی طرف سے نوشِین قمر نے کتاب کا تفصیلی تجزیہ پیش کیا جس میں مزاح کاعنصر نمایاں رہا ۔ فورم کی ایک ممبر میمونہ صدف نے بھی کتاب پر سیر حاصل تبصرہ کیا ۔ اس کے بعد ماریہ بتول نے معافیہ شیخ کے خاکے سے خوبصورت اقتباس پیش کیا ۔سرمد خان ، جو کہ آواز کی دنیا کا ایک بہت بڑا نام ہیں ، نے بھی یوسفی صاحب کی کتاب سے بہت خوبصورت انداز میں ایک اقتباس پیش کیا ۔

کتاب کے مصنفین میں ایک مصنفہ معافیہ شیخ ، جو کہ ینگ ویمن رائٹرز فورم ، اسلام آباد چیپٹر کی ایک متحرک ممبر بھی ہیں ، نے اردو ادب کو ایک بہترین کتاب تحفہ کرنے پر بزمِ یارانِ اردو ادب کا شکریہ ادا کیا اور کتاب کے حوالے سے مستنصر حسین تارڑ صاحب کے تعریفی کلمات بھی پڑھ کر سنائے ۔

مہمانِ اعزاز ، الیاس بابر اعوان صاحب نے کتاب کے حوالے سے تنقیدی جائزہ پیش کیا اور ایک معیاری کتاب پیش کرنے پر فورم اور بزمِ یارانِ اردو ادب کو سراہا ۔ تقریب کے ایک اور مہمانِ اعزاز ، پروفیسر طارق حبیب نے یوسفی صاحب کے حوالے سے مفصل گفتگو کی اور ایونٹ کے انعقاد کو سراہا ۔

فورم کی ممبر اور آواز کی دنیا کی ایک خوبصورت آواز ، سعدیہ عثمان ، نے مہمانِ خصوصی گل نوخیز اختر صاحب کا تعارف کروایا جو بطورِ خاص لاہور سے اس تقریب میں شامل ہوئے اور اپنے دلچسپ انداز سے تقریب کو چار چاند لگا دِئیے ۔

تقریب کی صدارت اکادمی ادبیات کے چئیرمین جناب ڈاکٹر قاسم بھگیو نے کی اور فورم کی اس کاوش کو بھرپور انداز میں سراہا ۔

فورم کی فاوُنڈر بشرٰی اقبال صاحبہ نے مہمانانِ گرامی اور حاضرین کی آمد کا تہہ دِل سے شکریہ ادا کیا اور ایک منظم ، کامیاب اور پر رونق تقریب کے انعقاد پر اسلام آباد چیپٹر کی کو فاوُنڈر اور پریذیڈنٹ رابعہ بصری اور اسلام آباد چیپٹر کی کاوشوں کو کھلے دِل سے سراہا اور چیپٹر کو مبارکباد پیش کی ۔

تقریب میں “نقش پائے یوسفی ” کا ایک سٹال بھی لگایا گیا جس کی منتظم نوثیقہ سید تھیں جنہوں نے اس ذمہ داری کو نہایت احسن طریقے سے نبھایا ۔

تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے حاضرین کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی ۔

تقریب کے اختتام پر ینگ ویمن رائیٹرز فورم اسلام آباد چیپٹر کی فاوُنڈر بشرٰی ملک ، کو فاوُنڈر اور پریذیڈنٹ رابعہ بصری اور قاسم بھگیو صاحب نے مہمانِ خصوصی ، مہمانانِ اعزاز ، “نقش پائے یوسفی” کے مصنفین میں سے دو حاضِر مصنفین طارق عزیز اور معافیہ شیخ کو فورم کی طرف سے شِیلڈز دِیں اور ینگ ویمن رائیٹرز فورم ، اسلام آباد چیپٹر کی آرگنائزنگ کمیٹی میں تعریفی اسناد تقسیم کیں ۔

تقریب کے آخر میں تمام مہمانوں ، ادبی سرکل سے متعلقہ ساتھیوں ، میڈیا ٹِیم اور گروپ ممبرز کی تشریف آوری کا شکریہ ادا کیا گیا ۔ گروپ فوٹو کے بعد مہمانانِ گرامی کو ہائی ٹی پیش کی گئی اور شام پانچ بجے کے قریب اس خوبصورت ادبی تقریب کا اختتام ہوا ۔

نوٹ : ینگ ویمن رائیٹرز فورم ، اسلام آباد چیپٹر کے آفیشل میڈیا پارٹنر “ویژن ٹیلی ویژن” کے توسط سے یہ پروگرام پوری دنیا میں دیکھا جا سکے گا ۔

رپورٹ : رابعہ بصری 
ترتیب و تدوین : عروج احمد