ینگ ویمن رائٹرز فورم اسلام آباد چیپٹر کے زیر اہتمام پر رونق شعری نشست منعقد ہوئی جسے محترمہ پروین شاکر کی یاد میں منسوب کیا گیا .. شعراء نے اپنے کلام سے محفل میں سماں باندھا .. پروین شاکر کی یاد اور ادب کیلیے انکی لازوال خدمات کو پھر سے تازہ کر دیا۔

حاضرین کی ایک بڑی تعداد نے شعری نشست میں شرکت کی اور شعراء کو بہترین کلام پیش کرنے پر خوب داد بھی دی۔ شعری نشست کی صدارت ممبر نیشنل اسمبلی اور پارلیمانی سیکرٹری برائے صحت محترمہ فرحانہ قمر نے کی۔جبکہ محترم احمد فرہاد(آزاد کشمیر)، محترمہ انجیل صحفیہ (کوئٹہ)مہمانانِ خصوصی تھے محترمہ فریحہ نقوی , محترم علی زریون , محترم عاطف سعیدنے بھی نشست میں خصوصی شرکت کی ۔

اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری برائے صحت نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے ادبی و علمی پروگرامات یہ واضح کرتے ہیں کہ ہماری زبان ،تہذیب اور فکر ابھی زندہ ہے جو حوصلہ افزاء پہلو ہے ۔وہی قومیں جدید دنیا میں ترقی کرتی ہیں جو اپنی تہذیب کو زندہ رکھتی ہیں۔
مشاعرہ کا انعقاد پاکستان سویٹ ہوم اسلام آباد میں کیا گیا تھا۔

سابق ایم ڈی بیت المال اور پیٹرن ان چیف پاکستان سویٹ ہومز زمرد خان نے مشاعرہ میں خصو صی شرکت کی۔جنہوں نے عظیم شاعرہ پروین شاکر مرحومہ کی ادب کیلیے خدمات کو سراہا اور اس کے ساتھ ہی پاکستان سویٹ ہومز کی اہمیت کو بھی بھی اجاگر کیا۔ زمرد خان کا کہنا تھا کہ 2009ء میں پاکستان سویٹ ہوم کی بنیاد رکھی گئی اور اب یہ ایشیاء کا سب سے بڑا سویٹ ہوم بن چکا ہے جہاں 4000 بچے اور 100بچیوں کی پرورش ہو رہی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ شعراء ایسے لوگ ہوتے ہیں۔ جو بات ان کےدل و دماغ میں ہوتی ہے وہی بات زبان و قلم پر ہوتی ہے۔نوجوان شعراء کو مخاطب کرتے ہوئے زمرد خان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ یتیم و بے سہارا بچوں کے لیے بھی لکھیں تا کہ ان مستحق بچوں کی حو صلہ افزائی ہو ۔ نمائندہ سٹیٹ ویوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ینگ ویمن رائٹر فورم اسلام آباد چیپٹر کی چئیر پرسن رابعہ بصری کا کہنا تھا ینگ ویمن رائٹر فورم ایک ایسی تنظیم ہےجو نوجوان لکھنے والے، بالخصوص خواتین کو ایسا پلیٹ فارم مہیا کر رہی ہے جہاں وہ اپنی تخلیقی صلاحتیوں کو اجاگر کر سکیں اور اپنی فکر کو منظر عام پر لا سکیں۔اس سلسلے میں ینگ ویمن رائٹر فورم نے بہت سی کامیابیاں بھی حاصل کی ہیں اورکامیابیوں کا یہ سلسہ جاری ہے ۔2017 ء میں ہماری تنظیم نے 25 سے زائد ایسے پروگراموں کا انعقاد کیا جن میں نوجوانوں خصو صاً لڑکیوں کو اظہار خیال کا پورا موقع دیا گیا۔یہ سلسلہ 2018ء میں بھی ایسے ہی جاری رہے گا اس فورم کی بنیاد اور کامیابی کا سہرا اسکی روحِ رواں بشرٰی اقبال ملک , سلمٰی علی خان اور سلمٰی اعوان کے سر ہے

.. پروگرام میں شریک دیگر شعراء میں رضوانہ نور، ماریہ , حرا نذیر (پشاور) ،نرگس،نورین،حنا خان،اسماءشاہ،سائرہ اقبال، رخسانہ سحر , خنسہ , انوار کاظم ،علینہ بخاری، فقیر سائیں، علی قریشی،نسیم سحر،سعید سادھو، رخسانہ،ذیشان نقوی، سرمد سروش, راز احتشام،تیمور ذوالفقار , منیر فیاض , فقیہہ حیدر, ذاکر رحمٰن وغیرہ شامل تھے جنہوں نے اپنی شاعری سے حاضرین کو خوب محظوظ کیا۔ مہمانانِ خصوصی اور مہمانانِ اعزاز نے آخر میں اپنے کلام سے نوازا .
پروگرام کے آخر میں شعراء کو ینگ ویمن رائٹر فورم اسلام آباد چیپٹرکی طرف سے تعریفی شیلڈز سے بھی نوازا گیا۔ سوز و سخن سے بھرپور یہ شعری نشست کامیابی سے اپنے اختتام کو پہنچی ۔